حیدرآباد:27/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تلنگانہ میں مہاگٹھ بندھن یا ’مہاکٹمی‘کے ذریعہ اگلی حکومت بنانے کو لے کر پریقین تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی)کے صوبائی صدر ایل رامننا نے الزام لگایا کہ کے چندرشیکھر راؤ نے پہلے وزیر اعلی بننے کے موقع کا فائدہ اپنے خاندان کو پہنچانے کے لیے اٹھایااوراپوزیشن جماعتوں کامہاگٹھ بندھن لوگوں کو ان کی تاناشاہی سے بچانے کے لئے کیا گیا ہے۔رامنا نے ایک انٹرویو میں کہاہے کہ کے سی آر 8لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے میں ناکام رہی اور 2.2لاکھ کروڑ روپے کا قرض لینے کے باوجود کئی محاذوں پر ناکام رہے۔انہوں نے کہا کہ کے سی آرکے تاناشاہی کلچر سے بچانے کے لئے مہاگٹھ بندھن بنایا گیا ہے،لوگوں نے 2014میں ٹی آرایس کا انتخاب کیا تھا، لیکن دئے گئے موقع کا فائدہ ان کے خاندان والوں نے اٹھایا۔تلنگانہ کی فلاح و بہبود کے لئے تاناشاہ کااقتدار اچھا نہیں ہے،اس لئے4پارٹیاں ساتھ آئی ہیں۔ستمبر میں اسمبلی کو تحلیل کرنے کے بعد کے سی آر اسمبلی انتخابات میں ایک بار پھر وزیر اعلی بنانے کے لیے عوام کے دربار میں ہیں،کے سی آر کی پارٹی تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس)تمام سیٹوں پر انتخاب لڑ رہی ہے جبکہ ٹی ڈی پی نے کانگریس، سی پی آئی اور تلنگانہ جن کمیٹی کے ساتھ مل کر مہاگٹھ بندھن بنایا ہے۔